نئی دہلی 23 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہجومی تشدد کے واقعات سے نمٹنے ایک علیحدہ قانون پر سپریم کورٹ کے زور دئے جانے کے بعد اب مرکز نے ایک اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ اس طرح کے واقعات سے نمٹنے مناسب اقدامات کئے جاسکیں۔ یہ کمیٹی معتمد داخلہ راجیو گئوبا کی قیادت میں تشکیل دی گئی ہے ۔ اس کمیٹی کی سفارشات کا ایک وزارتی گروپ جائزہ لے گا جس کے سربراہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ہونگے ۔ یہ گروپ پھر اپنی رپورٹ وزیر اعظم نریندر مودی کو قطعی فیصلے کیلئے پیش کریگا ۔ وزارت داخلہ نے آج تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ ہجومی تشدد اور پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کے واقعات کے خلاف موثر اقدامات کرے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔ مرکز کی ہدایت میں تمام ریاستوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس سلسلہ میں سپریم کورٹ کے احکام پر عمل آوری کی جائے ۔ مرکز نے آج جو کمیٹی تشکیل دی ہے اس میں معتمد داخلہ کے علاوہ سکریٹری انصاف ‘ سکریٹری قانونی امور ‘ سکریٹری مقننہ محمہ اور سکریٹری محکمہ سماجی انصاف بھی شامل ہے ۔ یہ کمیٹی ہجومی تشدد کے مسئلہ کا جائزہ لے گی اور ایسے قانونی دائرہ کار کی تجویز پیش کریگی جس کے تحت اس کے تحت مقدمہ چلایا جاسکے ۔ اس پیانل کی رپورٹ کو وزارتی گروپ کے حوالے کیا جائیگا جس میںراج ناتھ سنگھ کے علاوہ مرکزی وزرا سشما سوراج ‘ روی شنکر پرساد اور نتن گڈکری کے علاوہ تھاور چند گہلوٹ بھی شامل ہیں۔