نئی دہلی 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے آج ایک مقامی عدالت میں انڈین مجاہدین کے معاون بانی یسین بھٹکل اور ان کے قریبی معاون اسد اللہ اختر کے خلاف مبینہ طور پر غیر قانونی اسلحہ کارخانہ قائم کرنے اور بھاری مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود کا ذخیرہ کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کردیا۔ یہ ذخیرہ مبینہ طور پر دہلی پولیس کو ایک دھاوے میں دستیاب ہوا تھا۔ دہلی پولیس کے ایک خصوصی شعبہ نے اپنے ضمنی فرد جرم میں ایڈیشنل سیشن جج دیاپرکاش کے اجلاس پر قطعی رپورٹ اور ضمنی فرد جرم پیش کردیا۔ جج نے مقدمہ کی سماعت 3مارچ کو مقرر کردی۔دونوں ملزمین کو فرد جرم میں قانون تعزیرات ہند اور انسداد غیر قانونی سرگرمیاں قانون کی مختلف دفعات کے تحت مجرم قرار دیا گیا ہے۔
پولیس قبل ازیں ملزمین کے خلاف فرد جرم میں الزام عائد کرچکی ہے کہ انڈین مجاہدین کارکن قتیل صدیقی جو پونے کی یراودہ جیل میں 8 جون 2012 ء کو فوت ہوگئے تھے،مجرم تھے۔ اپنے ضمنی فرد جرم میں خصوصی شعبہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بھٹکل اور اختر نے ہتھیاروں کا ایک کارخانہ میر بہار کے علاقہ میں جو بیرون دہلی کا علاقہ ہے قائم کیا تھا اور ملک گیر سطح پر دہشت گرد کارروائیوں کے ہتھیار اور گولہ بارود تیار کررہے تھے جو دھاوے میں ضبط کیا گیا۔