حکومت سے اندرون دو ہفتہ رپورٹ طلبی ، کشمیر میں دو اسمگلر گرفتار
نئی دہلی ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے اعلیٰ پولیس عہدیدار میرٹھ رینج کو ہدایت دی کہ ہاپور ہجومی تشدد کی تحقیقات کی شخصی نگرانی کرے جس میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ یہ زدوکوب گایوں کے تحفظ کے بہانے کی گئی تھی۔ سپریم کورٹ کی بنچ نے جو چیف جسٹس دیپک مشرا کی زیرقیادت قائم کی گئی تھی، ہجومی تشدد کے بارے میں حالیہ رہنمایانہ خطوط کی تعمیل اور ہاپور زدوکوب کی تحقیقات کی شخصی طور پر نگرانی کا آئی جی پی کو حکم دیا۔ دریں اثناء الہ آباد ہائیکورٹ نے ہدایت دی کہ ریاستی حکومت کو ریٹائرڈ پولیس ملازم عبدالصمد خان کے قتل کی تحقیقات میں پیشرفت کی رپورٹ اندرون دو ہفتہ پیش کی جائے۔ جموں سے موصولہ اطلاع کے بموجب پولیس نے آج چار افراد کو گرفتار کرتے ہوئے 5 بڑے جانوروںکی راجوری اور سامبا سے بڑے مویشیوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ باوثوق ذرائع کی خبر پر پولیس پارٹیوں نے تلاشی کی مہم جنگلاتی علاقہ متیانی گالا جنگلاتی علاقہ میں شروع کی تھی۔ 57 بڑے مویشیوں کو اسمگلروں کے چنگل سے چھڑا لیا گیا۔