بیجنگ ، 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین کے صدر شی جِن پِنگ نے ہانگ کانگ اور مکاؤ کو خبردار کیا ہے کہ وہ ’وَن چائنا‘ کا حصہ ہیں اور انہیں یہ بات یاد رکھنی چاہئے۔ اپنے دورہ مکاؤ کے آخری روز آج ہفتے کے روز شی جِن پِنگ نے کہا: ’’ہمیں ’وَن چائنا‘ کے اصول پر چلنا ہو گا اور دو سسٹمز کے درمیان پائے جانے والے فرق کا احترام کرنا ہو گا۔‘‘ انہوں نے یہ باتیں مکاؤ کے چیف ایگزیکٹو فرنینڈو چْوئی کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کے موقع پر کہیں۔ چْوئی کو اگست میں چین نواز ایک کمیٹی نے دوسری مدت کیلئے منتخب کیا تھا۔ چینی صدر کے دورے کے آخری روز درجنوں مظاہرین نے مکاؤ میں ایک ریلی نکالی جو شہر کے مرکز سے ہوتے ہوئے گزری۔