ہاشم انصاری کو راج ناتھ اور ملائم سنگھ کا فون

ایودھیا ۔ 8 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج ایودھیا تنازعہ میں سب سے قدیم مقدمہ باز ہاشم انصاری سے ربط قائم کیا اور اُن کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔ اس کے علاوہ انھیں دہلی آنے کی دعوت دی ۔ ہاشم انصاری کے فرزند اقبال نے بتایا کہ راج ناتھ سنگھ نے فون پر اُن کے والد کی خیریت دریافت کی۔ ہاشم انصاری گزشتہ 65 سال سے یہ مقدمہ لڑ رہے ہیں ۔ انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا ۔ انھوں نے کہاتھا کہ جب کبھی وہ مودی سے ملاقات کریں گے بابری مسجد کی شہادت کیلئے ذمہ داروں کو سزاء کا مطالبہ کیا جائے گا اور یہ مقدمہ فاسٹ ٹریک عدالت سے رجوع کرنے کی خواہش کریں گے ۔ ہاشم انصاری نے کہاکہ وہ پرامن مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے ہاشم انصاری کو فون کیا اور کہا کہ وہ بلا خوف و خطر مقدمہ جاری رکھیں۔