نیویارک 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی باوقار ہارورڈ یونیورسٹی اب اپنا ایک بین الاقوامی دفتر ہندوستان میں شروع کرنے کا منصوبہ بناچکی ہے۔ ہندوستان کے علاوہ چین اور جنوبی افریقہ بھی اس کی فہرست میں شامل ہیں کیونکہ اِن خطوں میں یونیورسٹی سے ملحقہ اداروں میں ریسرچ اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں آسانی ہوگی۔ بارڈر یونیورسٹی اپنے اسکول آف پبلک ہیلتھ کا ایک دفتر ممبئی میں کھولنے کیلئے حکومت ہند کی منظوری کی منتظر ہے۔ کالج نیوز پیپر دی ہارورڈ کریمسن کی ایک رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی۔ ممبئی کے علاوہ کیپ ٹاؤن اور بیجنگ میں بھی دفاتر کھولے جائیں گے اور ان مقامات پر دفاتر کے قیام کی تیاریاں مختلف مراحل میں ہیں۔ بین الاقوامی اُمور کے نائب صدر جارج ڈامینگیز نے یہ بات بتائی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ہارورڈ یونیورسٹی کے صدر ڈریو فاسٹ نے 2012 ء میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا اور جاریہ سال مارچ میں چین کا دورہ کیا تھا اور اُس کے بعد اُنھوں نے فیصلہ کیا تھا کہ ہارورڈ یونیورسٹی کی بین الاقوامی سطح پر موجودگی کا احساس بھی لوگوں کو دلانا چاہئے تاکہ اس کی عظمت اور وقار میں چار چاند لگائے جاسکیں۔