احمدآباد۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جیل میں قید پٹیل کوٹہ ایجی ٹیشن لیڈر ہاردک پٹیل کے وکیل نے آج گجرات ہائیکورٹ کو بتایاکہ ان کے موکل تحریری حلف نامہ دینے آمادہ ہے کہ ایسی سرگرمیوں سے احتراز کریں گے جس سے لا اینڈ آرڈر متاثر ہو ، بشرطیکہ ضمانت عطا کردی جائے۔ جسٹس اے جے دیسائی نے اس معاملہ کو مزید شنوائی کیلئے کل پر ڈال دیا جبکہ پبلک پراسیکیوٹر میتیش امین نے عدالت کو بتایا کہ انہیں مجوزہ حلف نامے کے بارے میں فیصلہ کرنے سے قبل ریاستی حکام سے ہدایات حاصل کرنی ہوں گی۔ ہاردک کے وکیل زوبن بھاردا نے مجوزہ حلف نامہ کی نقل جسٹس دیسائی اور پبلک پرسیکیوٹر کے حوالے کی۔ بھاردا نے عدالت کو بتایا کہ اگرچہ ان کے موکل عدالت کی صراحت کردہ تمام دیگر شرائط کو قبول کرنے تیار ہیں لیکن وہ کوٹہ ایجی ٹیشن سے دور رہنے سے اتفاق نہیں کریں گے۔