ہاردک نے سکیورٹی کی پیشکش کو مسترد کر دیا

احمد آباد، 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاٹیدار ریزرویشن تحریک کمیٹی (پاس) کے رہنما ہاردک پٹیل نے گجرات انتخابات کے دوران انہیں سیکورٹی گارڈ مہیا کرانے کی پولیس کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کی جاسوسی کرنے کی حکومت کی کوشش ہے ۔ہاردک کا یہ بیان دلت لیڈر جگنیش میوانی کی جانب سے انہیں بھی مہیا کرائے گئے سیکورٹی گارڈز کو لے کر ایسا ہی بیان دیئے جانے کے ایک دن بعد آیا ہے ۔ واضح رہے کہ میوانی اور ہاردک دونوں گجرات اسمبلی کے انتخابات میں حکمران بی جے پی کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ ان دونوں کی جلد ہی کانگریس کو رسمی حمایت ملنے کی توقع ہے ۔ میوانی نے حال میں راہل گاندھی سے ملاقات بھی کی تھی اور ہاردک کی راہل سے خاموش ملاقات کی بحثیں بھی گزشتہ دنوں ہوئی تھیں۔ ہاردک نے آج صحافیوں سے کہا کہ حکومت انہیں زبردستی تحفظ نہیں دے سکتی اور گارڈز کو ان کی گاڑی میں نہیں بٹھا سکتی۔ یہ سیکورٹی نہیں ہے ، لیکن ان کی جاسوسی کرنے کی کوشش ہے ۔ ہاردک نے کہا کہ کافی وقت پہلے جب ایک بار انہوں نے سیکورٹی کی مانگ کی تھی تو حکومت نے انکار کر دیا تھا مگر اب انتخابات میں شکست کے خوف سے گھبرائی بی جے پی ان کی جاسوسی کے لئے یہ ہتھکنڈہ اپنا رہی ہے ۔