ہاتھ سے لکھا جانے والا دنیا کا واحد اخبار روزنامہ ’مسلمان‘کے 91سال مکمل

چنئی،30اپریل(سیاست ڈاٹ کام)آج جہاں دنیا بھرمیں اخبارات کے کام کمپیوٹر پر ہوتے ہیں وہیں وہیں چنئی سے شائع ہونے والا اردو اخبار ‘دی مسلمان’ دنیا کا ہاتھ سے لکھا جانے والا واحد اخبار ہے جس کی قیمت صرف 75 پیسے اور اس کی اشاعت کو 91 سال ہو گئے ہیں۔ایک خبر رساں ادارہ کے مطابق ریاست چنئی میں آج بھی ایک ایسا اخبار شائع ہوتا ہے جسے اس جدید دور میں بھی ہاتھ سے تحریر کیا جاتا ہے ۔ ‘دی مسلمان’ اخبار کی اشاعت کا آغاز 1927 میں سید عزت اللہ نے کیا تھا اور آج 90 سال گزرنے کے بعد ان کے پوتے سید عارف اللہ ماضی کی یاد تازہ کرتے ہوئے اخبار کو ہاتھ سے تحریر کرنے کا اہتمام کرتے ہیں۔عارف اللہ 10 برس سے اس اخبار سے منسلک ہیں اور مختلف تعلیمی شعبوں میں 13 ڈگریاں رکھتے ہیں۔ سید عارف اللہ اپنے دوساتھیوں کے ہمراہ خبر کی کاٹ چھانٹ کے علاوہ اخبار چھاپنے اور تقسیم سمیت تمام معاملات خود چلاتے ہیں۔ دو کمروں پر مشتمل دفتر میں کوئی کمپیوٹر وغیرہ نہیں ہے ۔ ایک کمرے کو میزبانی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جب کہ دوسرے کمرے میں چھاپہ خانہ ہے ۔اس وقت اخبار کے تین مدیر ہیں جب کہ پہلی اشاعت سے اب تک اخبار کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا، آج بھی اخبار کی قیمت صرف 75 پیسے ہے ۔