حیدرآباد ۔12 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ہائی کورٹ اور اس کے اطراف ٹرافک کے بہتر بہاؤ کے لیے حیدرآباد پولیس نے ہائی کورٹ اور اس کے اطراف و اکناف میں چند ٹرافک تحدیدات کے لیے دیگر تحدیدات بھی عائد کردئیے ہیں ۔ ہائی کورٹ کے اطراف 12 اکٹوبر کی صبح 6 بجے سے ہی ٹرافک تحدیدات عائد کردی گئی ہیں ۔ سٹی کالج تا نیا پل روڈ جو کہ ہائی کورٹ کی عمارت کے جنوبی سمت واقع ہے پر ٹرافک کو تحدیدات کا سامنا رہے گا جب کہ مدینہ سرکل سے سٹی کالج کے راستے جانے والی ٹرافک کو گھانسی بازار کی طرف موڑ دیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں نیا پل سے مدینہ آنے والی ٹرافک ، پتھر گٹی تا مدینہ سرکل ، مسلم جنگ پل سرکل تا ہائی کورٹ روڈ پر بھی ٹرافک تحدیدات رہیں گی ۔ پولیس نے مزید کہا ہے کہ عوام اجلاس ، پانچ یا اس سے زیادہ افراد کا جمع ہونا ، پٹاخے ، تلوار ، بیانرس ، پلے کارڈز ، لاٹھیاں ، نعرے بازی ، تقاریر ، مظاہرے ، دھرنا اور اس طرح کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے اور تحریری اجازت کے بغیر مذکورہ بالا کوئی سرگرمی انجام نہیں دی جاسکتی ہے ۔ تفصیلات میں مزید کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ اور اس کے اطراف ٹرافک اور دیگر تحدیدات 10 دسمبر کی صبح 6 بجے تک نافذ رہیں گی ۔۔