حیدرآباد۔/12مارچ، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے احاطہ میں بم رکھنے کی ’جھوٹی‘ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس نے احاطہ کے اطراف و اکناف کے علاقوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے زبردست تلاشی لی۔ پولیس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ دن کے 10بجکر 30منٹ پر ایک نامعلوم شخص نے پولیس کنٹرول روم پر ٹیلی فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آندھرا پردیش ہائیکورٹ کے احاطہ میں بم رکھا گیا ہے۔ جس کے فوری بعد پولیس نے سیکوریٹی تلاشی کا آغاز کردیا اور عدالت کے احاطہ میں چارمینار پولیس کی ایک ٹیم ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ داخل ہوگئی اور سارے احاطہ میں دھماکو مواد کی موجودگی کا پتہ چلانے کیلئے مکمل تلاشی لی۔ تاہم کوئی مواد دستیاب نہیں ہوا اور ٹیلی فون کال جھوٹا ثابت ہوا۔پولیس نے کہاکہ پتہ چلانے پر معلوم ہوا کہ وشاکھاپٹنم کے ایک پبلک بوتھ سے یہ کال کیا گیا تھا ۔ خاطی کا پتہ چلانے کیلئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔