حیدرآباد /27 ڈسمبر ( این ایس ایس ) ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا آج شام نئی دہلی روانہ ہوئے ۔ باور کیا جاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے انہیں طلب کیا ہے ۔ ان کے اس دورہ کو اس لئے بھی نمایا اہمیت حاصل ہوگئی ہے کہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے کانگریس ریاستوں کے چیف منسٹرس کے اجلاس کے موقع پر آندھراپردیش کے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی سے بات چیت کی تھی ۔ سمجھا جاتا ہے کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کے دوران مسٹر دامودر راج نرسمہا ریاست کی تازہ ترین صورتحال سے واقف کروائیں گے ۔ باور کیا جاتا ہے کہ وہ سیما آندھرا قائدین کو مزید وقت نہ دینے کیلئے بھی صدر کانگریس سے درخواست کریں گے ۔
سیما آندھرا قائدین نے صدر جمہوریہ کو حلف نامے پیش کرتے ہوئے ریاست کی تقسیم کی مخالفت کی تھی ۔ ذرائع نے کہا ہے کہ مسز سونیا گاندھی سے ملاقات کے دوران مسٹر دامودر راج نرسمہا علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کی کوشش میں چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کی رخنہ اندازی اور ہائی کمان کے فیصلے کے خلاف سرکشی کی شکایت بھی کریں گے اور تلنگانہ بل کی کسی تاخیر کے بغیر منظوری کی درخواست کریں گے ۔ توقع ہے کہ وہ مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے ، وزیر دفاع اے کے انٹونی اور وزیر فینانس پی چدمبرم سے بھی ملاقات کریں گے اور ریاست کی تقسیم کے بعد امن و قانون کے اختیارات گورنر کے تفویص کرنے کیلئے پرزور نمائندگی کریں گے ۔