وکلا کے ساتھ دتاتریہ کی مرکزی وزرائے داخلہ و قانون سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر لیبر و روزگار بنڈارو دتاتریہ نے آج وکلاء کی ایک ٹیم کے ساتھ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور ہائی کورٹ کی تقسیم سے متعلق مسئلہ پر ایڈوکیٹس اور ججس کی گرفتاری کے بعد ہائی کورٹ میں پائی جانے والی صورتحال سے انہیں واقف کروایا ۔ بنڈارو دتاتریہ نے مرکزی وزیر داخلہ کو ایڈوکیٹس اور ججس کے احتجاج اور ججس کی معطلی کی صورتحال سے واقف کروایا ۔ بنڈارو دتاتریہ نے راج ناتھ سنگھ پر زور دیا کہ ہائی کورٹ کی تقسیم کے مسئلہ پر فوری کارروائی کی جائے جو گذشتہ دو سال سے زیر التواء ہے جس پر مرکزی وزیر داخلہ بنڈارو دتاتریہ کو بتایا کہ وہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو سے بات کریں گے اور مرکزی وزیر قانون سدانند گوڑ سے بھی اس سلسلہ میں تبادلہ خیال کریں گے ۔ بنڈارو دتاتریہ نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر قانون سدانند گوڑ سے بھی ملاقات کی اور انہیں نہ صرف صورتحال سے واقف کروایا بلکہ اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے فوری فیصلہ کرنے کی بھی ان سے درخواست کی ۔