ہائیکورٹ کی تقسیم پر مرکزکی پہل کا خیر مقدم

وزیر قانون روی شنکر پرساد کا بیان خوش آئند : جتیندر ریڈی
حیدرآباد 28 ڈسمبر ( این ایس ایس ) لوک سبھا میں ٹی آر ایس کے فلور لیڈر جتیندر ریڈی نے ہائیکورٹ کی تقسیم پر مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے ۔ روی شنکر پرساد نے مطلع کیا کہ مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کو نیا ہائیکورٹ قائم کرنے فنڈز جاری کئے ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ تقسیم ریاست قانون کے تحت تلنگانہ میں ایک خصوصی ہائیکورٹ قائم کیا جانا چاہئے ۔ حکومت اس مقصد کیلئے مناسب عمارت کی تلاش کر رہی ہے اور ہائیکورٹ کو دو ریاستوں میں تقسیم کردیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی حکومت آندھرا پردیش کو ہائیکورٹ کیلئے کوئی عمارت یا جگہ دستیاب ہوجائیگی اس سمت میں ہر ممکن اقدام کئے جائیں گے ۔ اس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹی آر ایس فلور لیڈر نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ مرکزی حکومت نے اس عمل کو تیز کیا ہے اور آندھرا پردیش نے بھی اپنی ریاست میں ہائیکورٹ قائم کرنے کی سمت پیشرفت کی ہے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ ہائیکورٹ کی تقسیم سے قبل ججس کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں نہ لائے جائیں کیونکہ ایسا کرنے سے تلنگانہ کے ججس سے ناانصافی ہوگی ۔