ہائیکورٹ کا فیصلہ مرکز کیلئے الجھن کا باعث: کجریوال

نئی دہلی ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت دہلی کی انسداد دہشت گردی ادارہ کے دائرہ اختیار پر ہائیکورٹ کے فیصلہ پر مصروف چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج کہا کہ یہ فیصلہ مودی حکومت کیلئے زبردست الجھن کا باعث اور اس کے نتیجہ میں کرپشن کے خلاف دہلی حکومت کی جدوجہد کو تقویت حاصل ہوگی۔ اپنی حکومت کے 100 دن کی تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ ہائیکورٹ کے حکم نامہ میں یہ واضح کردیا گیا ہیکہ انسداد کرپشن کے معاملات میں مداخلت کا وزارت داخلہ کو کوئی حق نہیں۔ کجریوال نے کہا کہ عدالت کا یہ اعلان دہلی کے عوام کی کامیابی ہے۔ ایک بیان جاری کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی حکومت نے ہائیکورٹ کے فیصلہ کو انسداد کرپشن برانچ کے اختیارات کی بحالی اور دہلی کے عوام کیلئے فیصلہ کن کامیابی قرار دیا۔ کجریوال نے کہا کہ وہ اس فیصلہ پر عوام کو مبارکباد دیتے ہیں اور انہیں اطلاع دیتے ہیں کہ ہائیکورٹ نے ایک واضح فیصلہ دیا ہے، جس کے نتیجہ میں کرپشن کے خلاف جدوجہد کو تقویت حاصل ہوگی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایک بڑے صنعت کار کے خلاف مقدمہ جاری کرنے پر مرکز کی این ڈی اے حکومت نے دہلی کے انسداد کرپشن محکمہ کے اختیارات سلب کرلئے گئے۔ کجریوال کا اشارہ عام آدمی پارٹی کی سابقہ حکومت کے دوران ریلائنس انڈسٹریز کے مکیش امبانی کے خلاف درج مقدمہ سے تھا۔