ہائیڈرو پاور ڈیم منہدم سینکڑوں ہلاک اور لاپتہ

بنکاک ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مشرقی لاؤس میں جزوی طور پر تعمیر شدہ ایک ہائیڈرو پاور ڈیم منہدم ہوجانے سے سینکڑوں افراد کے ہلاک اور لاپتہ ہوجانے کا اندیشہ ہے۔ ڈیم کے منہدم ہوتے ہی پانی کے تیز بہاؤ نے سیلابی صورت اختیار کرلی اور وہ تقریباً چھ مواضعات میں داخل ہوگیا۔ کمیونسٹ ملک لاؤس میں دریاؤں کا ایک جال بچھا ہوا ہے جن پر ڈیم بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔ دریاؤں کے افراط کی وجہ سے یہاں بجلی کی پیداوار بھی افراط سے ہوتی ہے اور یہی وجہ ہیکہ وہ اپنے پڑوسی ممالک جیسے تھائی لینڈ کو بھی بجلی برآمد کرتا ہے۔ ڈیم کے منہدم ہونے سے پانچ بلین کیوبک میٹر پانی مواضعات میں داخل ہوگیا جو دو ملین اولمپک پولس میں پانی کی مقدار کے مماثل ہے۔