اسمبلی میں اندرا کرن ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) وزیر امکنہ این اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ ہائوزنگ بورڈ کے تحت 5ہزار ایکر سے زائد اراضی موجود ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سرینواس گوڑ کے سوال کے جواب میں وزیر امکنہ نے بتایا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ہائوزنگ بورڈ کی اراضی کسی کو راست طور پر الاٹ نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہائوزنگ بورڈ ایک خالص تجارتی ادارہ ہے جس میں حکومت کوئی مداخلت نہیں کرتی۔ متحدہ آندھراپردیش میں 19 وینچر ہائوزنگ بورڈ کی جانب سے مکمل کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہائوزنگ بورڈ اوپن آکشن کے ذریعہ اراضیات کو فروخت کرتا ہے۔ سرینواس گوڑ اور بی جے پی رکن رام چندرا ریڈی کے ضمنی سوالات کے جواب میں وزیر امکنہ نے بتایا کہ اگر ہائوزنگ بورڈ کالونیوں میں 50 گز سے کم کھلی اراضی موجود ہو تو اسے ہراج کے بغیر قریبی مالک مکان کو مارکٹ ریٹ پر حوالے کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔