ہاؤزنگ اسکیم پر اسمبلی میں تلخ مباحث، اجلاس ملتوی

حیدرآباد۔/19نومبر، ( این ایس ایس ) سابق کانگریس دور حکومت میں ہاؤزنگ اسکیم میں مبینہ بدعنوانیوں کے مسئلہ پر اسمبلی میں آج حکمران ٹی آر ایس کے ارکان کے ساتھ تلخ بحث اور الزامات کے تبادلہ کے بعد اصل اپوزیشن جماعت کانگریس کے ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے مسئلہ پر ایوان میں آج تلخ مباحث ہوئے۔ ایوان کی پرسکون کارروائی اس وقت تلخ بحث میں تبدیل ہوگئی جب ٹی آر ایس کے رکن اور ممتاز گلوکار راسمائی بالکشن نے ٹی آر ایس حکومت کی فلاحی اسکیمات میں نقائص بتانے والے کانگریس کے رکن سمپت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ راسمائی بالکشن نے پالامور کے نامور گیت کار گوریٹی وینکنا کی طرف سے لکھا گیا ایک گیت گاتے ہوئے ایوان میں سب کو حیرت زدہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور میں کئی گھروں کی تعمیرات ادھوری چھوڑ دی گئیں اور اکثر گھروں میں دروازے اور کھڑکیاں نصب نہیں کئے گئے ہیں۔ اس مرحلہ پر کانگریس کے ارکان نے اپنے ساتھی سمپت کو اظہار خیال کے موقع سے محروم رکھتے ہوئے بالکشن کو مائیک دینے پر کرسی صدارت کا الزام عائد کیا اور ہیڈ فونس پھینکتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ کانگریس کے سینئر رکن ملو بھٹی وکرامارکا نے ایوان سے جاتے جاتے کرسی صدارت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ’ آپ اپوزیشن کی غیر موجودگی میں اپنا ایوان چلاتے رہیں‘ ۔ بعد ازاں وزیر اُمور مقننہ ٹی ہریش راؤ نے کرسی صدارت سے اپیل کی کہ اجلاس ملتوی کردیا جائے۔ ڈپٹی اسپیکر شریمتی پدما دیویندر نے جمعرات کی صبح تک ایوان کی کارروائی کو ملتوی کردیا۔