گیٹ امتحان کی تیاری کے لیے ’ جی ڈرائیو ‘ متعارف

پن ڈرائیو میں گیٹ کا مکمل نصاب ، 300 گھنٹوں پر مشتمل ویڈیو لکچرس اور بہت سی سہولیات
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : گیٹ کی تیاری کرنے والے طلبہ کے لیے ایک خوشخبری ہے کہ آج حیدرآباد کے اشوکا رگھوپتی چیمبرس میں گیٹ فورم کی جانب سے منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں ’ پن ڈرائیو ‘ متعارف کیا گیا ہے جو گیٹ کے مکمل نصاب کے علاوہ اس امتحان کی تیاری میں فائدہ مند ثابت ہونے والے دیگر اکائیوں پر مشتمل ہے ۔ اس موقع پر گیٹ فورم کے ڈائرکٹر مسٹر ابھیجیت چودھری نے کہا کہ اس پن ڈرائیو کے استعمال کے ذریعہ بغیر انٹرنیٹ کی سہولت کے طلبہ گیٹ امتحان کی تیاری کرسکتے ہیں اور خاص کر ان طلبہ کے لیے یہ پن ڈرائیو کافی اہمیت کا حامل ہے جو کہ چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں رہتے ہیں ۔ اس پن ڈرائیو میں 300 سے زائد گھنٹوں پر مشتمل ویڈیو لکچرس ہیں جو کہ گیٹ کا مکمل نصاب ہے ۔ نیز اس پن ڈرائیو میں پی ڈی ایف فارمیٹ میں ای اسٹڈی میٹریل بھی موجود ہے ۔ علاوہ ازیں انٹرنیٹ کی سہولت کے ذریعہ گیٹ کے نصاب کو اپ ڈیٹ بھی کیا جاسکتا ہے ۔ نیز طلبہ کی رہنمائی کے لیے گیٹ کامیاب ہونے والے طلبہ کے انٹرویوز بھی اس پن ڈرائیو میں موجود ہے ۔ واضح رہے کہ گیٹ ہندوستان میں وہ دوسرا سرکردہ امتحان ہے جس کے ذریعہ طلبہ انجینئرنگ میں داخلہ لیتے ہیں ۔ گیٹ پن ڈرائیو کی مزید تفصیلات gateforum.com سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔۔