گینگسٹر نعیم کے پانچ ساتھی بشمول ایک ہوم گارڈ گرفتار

محبوب نگر میں جبری وصولی اور اراضیات پر قبضہ کی شکایت پر کارروائی
حیدرآباد 14 ستمبر (سیاست نیوز) گینگسٹر نعیم کی ٹولی کے ارکان کے خلاف اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم نے اپنا شکنجہ کستے ہوئے مزید 5 افراد  بشمول ایک ہوم گارڈ کو گرفتار کرلیا۔ ضلع محبوب نگر میں کی گئی کارروائی میں ایس آئی ٹی نے محبوب نگر پولیس کی مدد سے گینگسٹر نعیم کے قریبی ساتھی 34 سالہ واویلا سنجیو کمار ، 43 سالہ جی سینو عرف رما کانت، 21 سالہ کے سندیپ، 26 سالہ آر سی کرشنا اور 30 سالہ کیشا مُلّا رمیش عرف دیواکر کو جو ہوم گارڈ بتایا گیا ہے گرفتار کرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ گرفتار افراد نے نعیم کی ایماء پر ضلع محبوب نگر میں اپنی غیر قانونی سرگرمیوں سے عوام کو بے انتہا پریشان خوفزدہ کیا تھا اور وہ اغواء، قتل، جبری وصولی اور اراضیات کی منتقلی میں ملوث تھی۔ گینگسٹر نعیم کی غیر قانونی سرگرمیوں کا پتہ لگانے کے لئے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی نے اب تک 99 مقدمات درج کئے ہیں اور اُس کی ٹولی سے تعلق رکھنے والے 83 افراد کو ضلع نلگنڈہ، محبوب نگر، کریم نگر، کھمم ، ورنگل اور رنگاریڈی سے گرفتار کیا۔ ایس آئی ٹی کی جانب سے قائم کئے گئے خصوصی کنٹرول کو اب تک 372 فون کالس موصول ہوئے ہیں جس میں متاثرہ افراد نے بھونگیر نعیم اور اُس کی ٹولی کے ارکان کے ظلم و ستم کی داستان بیان کی جس کے نتیجہ میں پولیس نے مقدمات درج کرلئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایس آئی ٹی نے یادگیری گٹہ کے سب رجسٹرار کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا اور اُس سے تفتیش جاری ہے۔