گینگسٹر نعیم کے ساتھی پاشم سرینوسے تعلقات

چار پولیس ملازمین بشمول سب انسپکٹر معطل ‘ 4 افراد گرفتار
حیدرآباد /3 نومبر ( سیاست نیوز ) بدنام زمانہ گینگسٹر کے قریبی ساتھیوں سے تعلقات کے الزام میں رچہ کنڈہ پولیس نے چار پولیس ملازمین بشمول ایک سب انسپکٹر کو معطل کردیا جبکہ دیگر چار افراد کو گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس بھونگیر ایس موہن ریڈی کے بموجب آرمڈ ریزرو سب انسپکٹر رمیش ، ہیڈ کانسٹیبلس رمیش ، لکشمی نارائنا اور کانسٹیبل پاشاہ کو معطل کرنے احکامات جاری کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ گینگسٹر نعیم کے قریبی ساتھی پاشم سرینو کے خلاف سخت قانون پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا تھا اور وہ کئی اراضی تنازعہ کی یکسوئی میں ملوث ہے ۔ پاشم سرینو کو عدالت میں سماعت کے سبب متعلقہ کورٹ اسکارٹ کے درمیان بھیجا جارہا تھا جہاں پر اس نے پمبرتی دھابہ پر رک کر اراضی معاملہ کے سلسلے میں بعض افراد کو دھمکایا تھا ۔ اس سلسلے میں شکایت موصول ہونے کے بعد اسکارٹ پارٹی کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا گیا اور اس معاملے سے متعلق تفصیلی رپورٹ اعلی عہدیداروں کو دی گئی تھی ۔ جس کے نتیجہ میں چار پولیس ملازمین کو معطل کرنے کے احکامات آج جاری کئے گئے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ پاشم سرینو کے بھائی پاشم امرناتھ ، اے سائی کرشنا ، اے ناگا راجو ، ایم شیو شنکر اور ٹی سرینواس کو بھی اس معاملے میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ گینگسٹر نعیم کو 9 اگست سال 2016 میں شاد نگر ٹاون میں ایک انکاونٹر میں ہلاک کردیا گیا تھا ۔