حکومت تلنگانہ کا رویہ آمرانہ ۔ پروفیسر کودانڈارام کا بیان
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پولیٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے منعقدہ اہم اجلاس میں حکومت تلنگانہ کے آمرانہ رویہ اور من مانی اقدامات کو حدف ملامت بنایا گیا اور اس بات کا اظہار کیا گیا کہ حکومت عوامی مفادات کا کوئی پاس و لحاظ کیے بغیر اپنی مرضی کے مطابق ہی فیصلے کررہی ہے ۔ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے صدر نشین تلنگانہ پولیٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈارام نے کہا کہ نئے اضلاع کی تشکیل کے عمل میں عوامی رائے حاصل نہیں کی گئی اور صرف فرض کی تکمیل کیلئے سیاسی جماعتوں کا اجلاس طلب کر کے سیاسی جماعتوں کے قائدین کی پیش کردہ تجاویز کو بھی نظر انداز کردیا گیا ۔ لہذا پروفیسر کودنڈا رام نے اضلاع کی تشکیل کے معاملہ میں گدوال اور جنگاؤں کے عوام سے بھی ان کے خیالات حاصل کر کے کوئی فیصلہ کرنے کا حکومت کو مشورہ دیا تاکہ عوام میں حکومت کے تعلق سے اطمینان پایا جاسکے ۔ صدر نشین تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے نامور گینگسٹر نعیم کے پیش آئے مبینہ انکاونٹر واقعہ اور بعد ازاں ہونے والے حیرت انگیز انکشافات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حقائق سے عوام کو واقف کروانے کے لیے گینگسٹر نعیم کی دستیاب شدہ ڈائری کو عوام کے روبرو پیش کرنے کا حکومت بالخصوص چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے پر زور مطالبہ کیا ۔ علاوہ ازیں ریاست مہاراشٹرا سے آبی مسائل پر کئے گئے معاہدات کو درست اقدام قرار دیا اور ان معاہدہ کی تفصیلات کو عوام کے روبرو پیش کرنے کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا ۔