گینگسٹر نعیم سے ٹی آر ایس قائدین کے تعلقات کے الزامات مسترد

غیر سماجی عناصر کی پرورش کانگریس پارٹی نے کی ہے ۔ برسر اقتدار قائدین ویمولا ویریشم و راج شیکھر ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/23اگسٹ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس قائدین نے گینگسٹر نعیم سے پارٹی قائدین کے روابط کے الزامات کو مسترد کردیا اور اس سلسلہ میں نلگنڈہ کے کانگریس قائدین کو چیلنج کیا کہ وہ اپنے الزامات ثابت کریں۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ویمولا ویریشم اور ایم ایل سی پی راج شیکھر ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی جس نے غیر سماجی عناصر کی پرورش کی آج وہی ٹی آر ایس پر الزام عائد کررہی ہے۔ کانگریس دور حکومت میں گینگسٹر نعیم کی پرورش کی گئی جبکہ ٹی آر ایس حکومت غیر سماجی عناصر کو سختی کے ساتھ کچلنے کے عہد کی پابند ہے۔ رکن اسمبلی ویریشم نے گینگسٹر نعیم سے روابط کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دراصل وہ خود گینگسٹر نعیم کے شکار رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ کے کانگریس قائدین کے راجگوپال ریڈی اور کے وینکٹ ریڈی برادرس کی طرح وہ کنٹراکٹرس سے کمیشن حاصل کرتے ہوئے سیاست میں نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خالص عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت انہوں نے سیاست میں قدم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلط طریقہ سے رقومات بٹورنے والے رکن کونسل کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی ہیں وہ کئی ایک غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ ویریشم نے کہا کہ ٹی آر ایس کی مقبولیت کو برداشت نہ کرتے ہوئے اس طرح کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے خلاف کومٹ ریڈی برادرس پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کومٹ ریڈی برادرس کو چیلنج کیا کہ اگر ان میں ہمت ہو تو کھلے مباحث کیلئے تیار ہوں۔ غنڈہ گردی اور غیر سماجی سرگرمیوں کے ذریعہ سیاست میں قدم رکھنے والے کومٹ ریڈی برادرس کو قانون کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کانگریس قائدین سے کہا کہ وہ اندرون 24 گھنٹے اپنے بیان سے دستبرداری اختیار کریں۔ رکن قانون ساز کونسل ٹی ناگیشور ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ اس نے ہمیشہ غیر سماجی عناصر کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ گینگسٹر نعیم کے انکاؤنٹر کے بعد کانگریس قائدین کی جانب سے عائد کئے جارہے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے راجیشور ریڈی نے کہا کہ امن و ضبط کی صورتحال کی برقراری میں تلنگانہ حکومت کی ملک بھر میں ستائش کی جارہی ہے۔ حکومت نے نہ صرف غیر سماجی عناصر بلکہ بین الاقوامی دہشت گردوں کے خلاف بھی کارروائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گینگسٹر نعیم سے کس کو فائدہ ہوا یہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔ تلنگانہ عوام کو اس بارے میں کومٹ ریڈی جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مقام کو بھول کر اس طرح کی بیان بازی پر عوام سبق سکھائیں گے۔ ٹی آر ایس کے  دیگر قائدین جی کشور، پربھاکر ریڈی اور پی رویندر نے بھی کانگریس قائدین کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے سیاسی مقصد براری کا الزام عائد کیا۔ جی کشور نے کہا کہ وہ اور ویریشم تلنگانہ تحریک میں حصہ لے چکے ہیں اور اس طرح سیاسی زندگی میں قدم رکھا۔ انہوں نے گینگسٹر نعیم سے روابط کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ دلت ارکان اسمبلی پر اس طرح کے الزامات کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم اور کانگریس دور حکومت میں نعیم کی سرپرستی کی گئی۔ پربھاکر ریڈی نے کہا کہ نعیم انکاؤنٹر کی تلنگانہ عوام کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کانگریس قائدین پر الزامات کے حق میں ثبوت پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔