گیلانی کی ریالی کے خلاف جموں میں احتجاج

جموں 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جموں کے کئی علاقوں میں آج احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ سرینگر میں کل علیحدگی پسند قائدین کی جانب سے ریالی نکالنے اور پاکستانی پرچم لہراکر موافق پاکستان نعرے لگانے پر شدید احتجاج کیا گیا۔ اجن پور نے علیحدگی پسند قائدین کے پتلے نذر آتش کئے اور ان کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے ریاستی حکومت و مرکز سے مطالبہ کیاکہ فوری ان علیحدگی پسندوں خاص کر مسرت عالم کو گرفتار کرلیا جائے۔ کرانتی دل کے بیانر کے تحت سینکڑوں کارکنوں نے چیف منسٹر مفتی محمد سعید اور پاکستان کے خلاف نعرے لگائے۔ اندرا چوک پر احتجاجی دھرنا بھی دیا۔ ریاست کی بی جے پی ۔ پی ڈی پی حکومت اور مرکزی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہ مسرت عالم کو رہا کرتے ہوئے علیحدگی پسندوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔ جنرل سکریٹری کرانتی دل پریتم شرما نے الزام عائد کیاکہ مفتی سعید ریاست میں علیحدگی پسندوں کے ایجنڈہ پر کاربند ہیں اور بی جے پی اس کی تائید کررہی ہے۔ مغربی جموں میں بھی کارکنوں کے دوسرے گروپ نے پاکستان، مفتی محمد سعید اور علیحدگی پسندوں کے پتلے نذر آتش کئے۔

مخالف قوم سرگرمیوں پر سخت کارروائی
مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی چیف منسٹر مفتی سعید کو ہدایت
نئی دہلی۔16اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکز نے آج حکومت جموں و کشمیر کو سخت گیر موقف کے حامل علحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی کی کل سرینگر کے مضافات میں نکالی گئی ریالی کے دوران مخالف قوم سرگرمیوں میں ملوث رہنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کل رات چیف منسٹر مفتی محمد سعید سے فون پر ربط قائم کیا اور یہ واضح کیا کہ قومی سلامتی کے مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ۔ چیف منسٹر نے ریالی کے دوران پیش آئے واقعات اور صورتحال سے وزیر داخلہ کو واقف کرایا ۔ راجناتھ سنگھ نے مفتی محمد سعید سے کہا کہ ایسی کوئی بھی حرکت جو مخالف قوم ہو اسے معاف نہیں کیا جاسکتا ۔ وزیر داخلہ نے ایسی سرگرمیوں میں ملوث رہنے والوں کے خلاف ممکنہ سخت کارروائی کی ہدایت دی ۔ جموں و کشمیر حکومت نے پانچ سال کے وقفہ کے بعد سید علی شاہ گیلانی کو ریالی منعقد کرنے کی اجازت دی تھی ۔ اس ریالی میں ان کے حامیوں بشمول گذشتہ ماہ جیل سے رہا کئے گئے مسرت عالم نے موافق پاکستان نعرے لگائے اور پاکستانی پرچم لہرائے گئے تھے ۔