سرینگر۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے اعتراضات کو نظرانداز کرتے ہوئے پی ڈی پی نے آج کہا کہ کشمیری علیحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی کو ’’انسانی‘‘ بنیادوں پر پاسپورٹ کی اجرائی کیلئے مرکز سے خواہش کی جائے گی۔ اس دوران نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداللہ نے دریافت کیا کہ اس بات کو مسئلہ بنانے کی ضرورت ہی کیا ہے جبکہ ماضی میں بھی انہیں (گیلانی کو) پاسپورٹ دیا جاچکا ہے۔ پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے پی ڈی پی سے کہا کہ ’’اس مسئلہ کو انسانی نقطہ نظر سے حل کیا جانا چاہئے اور اس معاملے میں ہم مرکزی وزارت سے نمائندگی کریں گے‘‘۔ حریت کانفرنس کے سخت گیر لیڈر گیلانی اپنی علیل دُخترکی عیادت کیلئے سعودی عرب کا سفر کرنے کیلئے پاسپورٹ درخواست کی ہے۔ اصل قومی دھارے سے وابستہ کئی قائدین نے علیحدگی پسند لیڈر کو پاسپورٹ کی اجرائی پر زور دیا ہے۔