سرینگر۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدرنشین سخت گیر حریت کانفرنس سید علی شاہ گیلانی اور علیحدگی پسند قائد مسرت عالم کو آج قصبہ ترال میں جلسہ عام سے قبل نظربند کردیا گیا۔ قبل ازیں دونوں کے خلاف جلسہ عام میں پاکستان حامی نعروں اور پاکستانی پرچم لہرانے پر سخت احتجاج ہوا تھا، جس کے بعد پولیس نے دونوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی تھی۔ اس ایف آئی آر کے خلاف سخت گیر حریت کانفرنس نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ ہم اس قسم کے اقدامات سے خوف زدہ نہیں ہوں گے۔ چیف منسٹر مفتی محمد سعید نے کہا کہ یہ نظریات کی جنگ ہے۔ ان کی حکومت کسی بھی قوم دشمن کارروائی کو برداشت نہیں کرے گی۔ دریں اثناء اسلام آباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب پاکستان نے آج کہا کہ سرینگر کی سڑکوں پر اس کا قومی پرچم لہرانے سے عوام کے جذباتی رجحان کا واضح اظہار ہوتا ہے۔ وزارتِ خارجہ پاکستان کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ ایف آئی آر کا اندراج ایک افسوسناک اقدام ہے۔