بنگلور/ نئی دہلی ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن کی جانب سے گیس کی قیمتوں کو دوگنا کرنے کا فیصلہ انتخابات مکمل ہونے تک ملتوی کرنے کی ہدایت کے بعد وزیر تیل ویرپا موئیلی نے آج کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرنے سے قبل سرکردہ قانونی عہدیداران اس ہدایت کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی زیر دوراں ہیں اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ سالیسٹر جنرل یا اٹارنی جنرل اس کا جائزہ لیں۔
انہوں نے بنگلور میں کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر مزید کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ موئیلی نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ پر تاخیر سے سرمایہ کاری کے ماحول پر اثرات مرتب ہوں گے اور سبسیڈی بھی متاثر ہوگی کیونکہ خاطر خواہ قیمت نہ ہونے کی وجہ سے پیداوار پر اثر پڑے گا۔ جب تک پیداوار نہ ہوگی گیس نہیں ہوگی اور ایسی صورت میں ہمیں زیادہ قیمت پر درآمد کرنا ہوگا اور سبسیڈی میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔