بیجنگ۔ 12 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ اور چین نے گرین ہاؤس گیس اخراج کو کم کرنے کیلئے نئے اہداف کا اعلان کیا ہے۔دونوں ممالک کے صدر براک اوباما اور چین کے صدر شی جن پنگ بات چیت کیلئے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں موجود ہیں۔امریکی صدر اوباما نے کہا کہ ’یہ تاریخی قدم ہے‘ کیونکہ امریکہ نے بین الاقوامی سطح پر 2005ء کے مقابل 2025ء تک گرین ہاؤس گیس اخراج میں 26 سے 28 فیصد تک کمی کا نیا ہدف مقرر کیا ہے۔چین نے کسی مخصوص ہدف کی نشاندہی نہیں کی، تاہم کہا ہے کہ گرین ہاؤس گیس کا اخراج 2030ء تک بہت حد تک کم ہو جائے گا۔یہ پہلا موقع ہے جب دنیا میں سب سے زیادہ آلودگی پھیلانے والے ملک چین نے گرین ہاؤس گیس کے اخراج میں کمی لانے کیلئے کسی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان امریکی صدر اوباما کے بیجنگ کے دورے میں سامنے آیا ہے جہاں ایشائی ممالک کا اہم اجلاس ہو رہا ہے۔دوسری جانب یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ چین کی جانب سے کاربن کے اخراج میں اضافہ ہو رہا ہے واضح رہے کہ امریکہ اور چین مل کر مجموعی طور پر دنیا میں 45 فیصد کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کے ذمہ دار ہیں۔ان اعلانات سے آئندہ سال پیرس میں ہونے والے عالمی اجلاس کو تقویت ملے گی جس میں 2020ء تک کاربن کے اخراج میں کمی کے بین الاقوامی معاہدے کو منظور کیا جائے گا۔