آہک پاشی کا کام قریب الختم ، چمن بھی عوام کے لیے کھول دینے کا فیصلہ
حیدرآباد۔23جنوری(سیاست نیوز) 127 سال قدیم چوک کی گھڑیال کی تزین نو کا کام تقریباً مکمل ہوگیا ۔ پلاسٹرنگ اور پینٹنگ مکمل ہوچکی ہے ۔ اب چوک کی گھڑیال کو درست کرنے کا کام ہورہا ہے ۔ چوک گھڑیال کے آس پاس کے حصہ کو بھی پاک صاف کیا جارہا ہے ۔ بہت جلد اسے خوبصورت بنادیا جائے گا ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر دلوپنت نے یہ بات بتائی ۔ گھڑیال چوک کی تعمیر ترک طرز تعمیر پر سال 1892 میں آسمان جاہ بہادر نے کی کرائی تھی جو حیدرآباد کے وزیراعظم تھے ، گھڑیال چوک عمارت کی تزین نو کے کام پر ایک کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں ۔ گھڑیاں چوک اب سیاحوں کیلئے پرکشش بن گئی ہے ۔ شہر کے مرکزی علاقہ محبوب چوک میں موجود محبوب چوک گھڑیال کی آہک پاشی اور مرمت کے کام قریب الختم ہیں اور محبوب چوک کلاک ٹاؤر کے مرمتی کاموں کی تکمیل کے فوری بعد چمن کی خوبصورتی اور اطراف موجود ناجائز قبضہ جات کی برخواستگی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ پرانے شہر میں موجوداس کلاک ٹاؤر کو خوبصورت بنانے کا عمل چند ماہ قبل شروع کیا گیا تھا جو کہ اب ختم ہونے جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ ترکی طرز تعمیر کے اس کلاک ٹاؤر کو خوبصورت بنانے کے بعد محبوب چوک چمن کے اطراف موجود قبضہ جات کو برخواست کرواتے ہوئے چمن کو خوبصورت بنانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ بلدی عہدیداروںنے بتایا کہ اس سلسلہ میں مقامی عوامی منتحبہ نمائندوں کی جانب سے کی جانے والی نمائندگی کے مطابق یہ کام انجام دیئے جا رہے ہیں اور بہت جلد ہی چمن کو خوبصورت بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔
محبوب چوک گھڑیال کے اطراف موجود قدیم چمن کی عظمت رفتہ کو بحال کرتے ہوئے اسے عوام کیلئے کھول دینے اور اس جگہ کو تفریحی مقام کے طور پر فروغ دینے کے اقدامات یقینی بنانے کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ دو ماہ میں ان تمام کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے کوشش کی جا رہی ہے اور اس سلسلہ میں اعلی عہدیداروں سے مشاورت کا عمل بھی جاری ہے تاکہ چمن کو خوبصورت بنانے کے عمل میں حائل ہونے والی رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ذرائع کے مطابق سابق ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹرکے ٹی راما راؤ نے اپنے دورۂ پرانے شہر کے دوران اس کلاک ٹاؤر کے کاموں کی شروعات کی تھی اور اس وقت جو منصوبہ تیار کیا گیا تھا اس منصوبہ کے تحت ہی اس ٹاؤر اور اطراف و اکناف کے ماحول کو بہتر بناتے ہوئے اس مقام کو سیاحوں کی دلچسپی کے مقام کے طور پر فروغ دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کے پاس کلاک ٹاؤر اور چمن کو خوبصورت بنانے کا جو منصوبہ ہے اس منصوبہ میں اطراف کے قبضہ جات کی برخواستگی اور انہیں کاروبار کے لئے متبادل جگہ کی فراہمی کا منصوبہ بھی شامل ہے تاکہ ترقیاتی کاموں کے نام پر شہریوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جاسکے ۔ محبوب چوک کلاک ٹاؤر کے علاوہ شہر کے دیگر کلاک ٹاؤرس کو بھی کارکرد اور خوبصورت بنانے کا عمل مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی نگرانی میں جاری ہے۔