گھانا کے پٹرول پمپ میں دھماکہ ، 73 افراد ہلاک

عکرہ(گھانا)۔ 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام) گھانا کے دارالحکومت کا ایک پٹرول پمپ آج دھماکہ سے اڑ گیا جبکہ کئی افراد وہاں پر موجود تھے۔ کیوں کہ بارش ہورہی تھی اور وہ اس سے بچنے کے لئے پٹرول پمپ میں جمع ہوگئے تھے۔ دھماکہ سے کم از کم 73 افراد ہلاک ہوگئے اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں کی نعشیں اتنی بری طرح جھلس گئی تھیں کہ ان کی شناخت مشکل ہوگئی تھی۔ متصلہ عمارتوں کا تخلیہ کروادیا گیا کیوں کہ وہ بھی شعلہ پوش ہوگئی تھیں۔ گھانا فائر سرویسس کے ایک ترجمان نے کہا کہ ان کے ارکان عملہ نے نعشیں برآمد کی ہیں اور انہیں قریبی دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکہ کی وجہ ہنوز معلوم نہیں ہوسکی۔ سربراہ پولیس نے کہا کہ ہم اب بھی ہلاکتوں کی درست تعداد بتانے سے قاصر ہیں کیوں کہ مزید نعشیں دستیاب ہونے کا اندیشہ ہے۔ فی الحال دھماکہ کی وجوہات کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تحقیقات قومی سطح پر جاری ہیں۔ ناقابل شناخت نعشیں دواخانہ کے مردہ گھر میں رکھی گئی ہیں۔