نئی دہلی ۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج گڈھوں اور سڑک حادثات کی بناء پر ملک گیر سطح پر ہلاکتوں کی تعداد کو خوفزدہ کردینے والی قرار دیا اور کہا کہ ان اموات کی تعداد دہشت گرد حملوں میں مرنے والوں کی تعداد سے زیادہ ہوگئی ہے۔ وہ ہندوستان میں سڑک پر عوام کے تحفظ کی ایک درخواست سماعت کررہی تھی۔ جسٹس مدن بی لوکر اور جسٹس دیپک گپتا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ جن افراد کی زندگیاں گڈھوں اور سڑک حادثات کی بناء پر ضائع ہوئی ہیں، ان کے ورثاء معاوضہ کے مستحق ہیں۔ بنچ نے کہا کہ یہ عام معلومات کی بات ہیکہ لوگوں کی کثیر تعداد گڈھوں اور سڑک حادثات اور مظالم کے نتیجہ میں ضائع ہوتی ہیں کیونکہ متعلقہ عملہ اپنے فرائض تندہی سے انجام نہیں دے رہا ہے۔ اخبارات کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے بنچ نے کہاکہ کئی افراد ملک میں حادثات کے نتیجہ میں ہلاک ہوتے ہیں جو سڑکوں پر گڈھوں اور حادثات کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ خبروں کے بموجب حادثات میں اموات کی تعداد دہشت گرد حملہ میں مرنے والوں کی تعداد سے زیادہ ہے۔