گڈچرولی میں نکسلائیٹس حملہ، 7 پولیس جوان ہلاک

آپریشن مہم پر جانے والی پولیس ٹیم نشانہ، موٹر گاڑی کے پرخچے اُڑگئے
ناگپور۔ 11؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ مہاراشٹرا کے ضلع گڈچرولی میں زیر زمین دھماکہ میں 7 پولیس ملازمین ہلاک ہوئے۔ نکسلائیٹس نے سرنگ بچھاکر دھماکہ کیا جس کی شدت سے موٹر گاڑی کے پرخچے اُڑگئے۔ اس حملہ میں دیگر 2 پولیس جوان بھی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ صبح 9 بجکر 40 منٹ پر پیش آیا۔ پولیس ٹیم جنگل میں آپریشن مہم کے لئے روانہ ہورہی تھی۔ پوی مرندا اور مرموری مواضعات کے درمیان واقع جنگلوں میں نکسلائیٹس کی سرگرمیوں کو کچلنے کے لئے پولیس فورس سرگرم ہوگئی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس حملہ میں مہاراشٹرا کی خصوصی C-60 انسداد نکسلائیٹ سرگرمیاں فورس سے تعلق رکھنے والے بہادر سپاہی ہلاک ہوئے۔

زیر زمین دھماکہ اُس وقت ہوا، جب پولیس کی گاڑی اس مقام سے گزر رہی تھی۔ یہ پولیس ٹیم ضلع کے مرموری اور پوی علاقہ کو جارہی تھی۔ پولیس عہدیدار نے کہا کہ ہم اپنے 7 جوان کھودیئے ہیں۔ یہ حملہ اتنا شدید تھا کہ نکسلائیٹس نے طاقتور دھماکو اشیاء زمین میں رکھ دیئے تھے۔ دھماکہ کی شدت سے نعشیں اُڑکر دُور جاگریں۔ زخمیوں کو ناگپور لایا گیا ہے جب کہ اس علاقہ کو زائد سکیوریٹی فورس روانہ کردی گئی ہے۔ زمینی سرنگ دھماکہ کے بعد پولیس اور نکسلائیٹس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ اس جنگلاتی علاقہ میں ہنوز فائرنگ جاری ہے۔ ضلع گڈچرولی میں اس سے پہلے بھی نکسلائیٹس حملوں میں سکیوریٹی جوان ہلاک ہوئے تھے۔