گٹلہ بیگم پیٹ کی اوقافی اراضی کے تحفظ کیلئے گزٹ کی اجرائی

حیدرآباد۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی 90 ایکر اوقافی اراضی کے تحفظ کے لئے تلنگانہ وقف بورڈ نے آخرکار گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ کی خصوصی دلچسپی سے چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی اور دیگر عہدیداروں نے آج پرنٹنگ اینڈ اسٹیشنری کے عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے نوٹیفکیشن کی اجرائی کو یقینی بنایا ۔ گزٹ نوٹیفکیشن کو ناجائز قابضین کی جانب سے عدالت میں چیلنج سے بچنے کیلئے ہائیکورٹ میں کیویٹ پیٹیشن داخل کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق گزٹ نوٹیفکیشن کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا۔ عیدگاہ کی اراضی سے متعلق مقدمہ میں عدالت نے ہدایت دی تھی کہ اراضی کے دعویداروں کے دستاویزات کا جائزہ لیتے ہوئے وقف بورڈ فیصلہ کرے ۔ بورڈ نے حالیہ عرصہ میں تقریباً 160 ناجائز قابضین کو نوٹس جاری کی اور انہیں دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ وقف اراضی پر قابض مختلف اداروں اور افراد نے اپنے دعوے کے حق میں دستاویزات وقف بورڈ میں جمع کرائے۔ تمام دستاویزات کا جائزہ لیتے ہوئے غیر مجاز قابضین کی دعویداری کو مسترد کردیا گیا اور تمام کو بذریعہ نوٹس اس کی اطلاع دیدی گئی۔ گزٹ نوٹیفکیشن کی اجرائی کیلئے یہ کارروائی ضروری تھی ۔ اب غیر مجاز قابضین کے پاس واحد راستہ یہی ہوگا کہ وہ خود کو وقف بورڈ کا کرایہ دار بنالیں اور ماہانہ کرایہ مقرر کرتے ہوئے ادائیگی کا آغاز کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض قابضین گزٹ نوٹیفکیشن کو عدالت میں چیلنج کرنے کی تیاری کر رہے ہیں ۔ ایک طرف وقف بورڈ اراضی کے تحفظ کیلئے نوٹیفکیشن کی اجرائی کیلئے مصروف تھا تو دوسری طرف غیر مجاز قابضین نے تعمیری سرگرمیوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ اراضی پر تعمیر کردہ خوبصورت عالیشان مسجد کے قریبی علاقہ تک تعمیری کام دن رات جاری ہے۔ اپنے قبضوں کو مستقل بنانے کیلئے غیر مجاز قابضین نے عارضی تعمیرات کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ مقامی افراد کو اس بات پر تشویش لاحق ہوگئی ہے کہ اگر تعمیری سرگرمیوں کو روکا نہیں گیا تو مسجد کے پارکنگ علاقہ پر قبضے ہوجائیں گے۔ مسجد کے راستہ کو تنگ کرنے اور پارکنگ علاقہ پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے۔