بلدیہ نے ایک تعمیر کو منہدم کردیا، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی عہدیداروں کو ہدایات
حیدرآباد۔ 2 اگست (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ میں غیر مجاز تعمیرات کی روک تھام کے لیے عہدیداروں کی ٹیموں کو روانہ کیا تاکہ پولیس اور بلدیہ میں شکایت درج کی جاسکے۔ وقف بورڈ کی مداخلت پر کل بلدی عہدیداروں نے غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کردیا تاہم دوسرے حصہ میں موجود تعمیرات ابھی باقی ہیں۔ عدالت میں مقدمہ زیردوران ہونے کے باوجود غیر مجاز قابضین کی سرگرمیاں جاری ہیں اور حالیہ عرصہ میں تعمیری کاموں میں شدت پیدا کردی گئی۔ عدالت کے حکم التوا کے باوجود تعمیری کاموں کی انجام دہی پر وقف بورڈ نے قابضین کے خلاف تحقیر عدالت کی کارروائی شروع کی ہے۔ گٹلہ بیگم پیٹ میں نو تعمیر شدہ مسجد کے اطراف و اکناف کے علاقے پر غیر مجاز قابضین کا قبضہ ہے۔ پولیس اور ریونیو حکام کے عدم تعاون کے سبب وقف بورڈ کو اراضی کا قبضہ حاصل کرنے میں دشواری ہورہی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے آج عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ دو علیحدہ ٹیموں کو روانہ کرتے ہوئے پولیس اور بلدیہ میں شکایت درج کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں وقف بورڈ کا موقف مستحکم ہے اور 90 ایکڑ اراضی کا بہرصورت تحفظ کیا جائے گا۔ محمد سلیم نے بورڈ کی لیگل ٹیم کے ساتھ اجلاس میں عدالت میں زیردوران مقدمہ کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے لیگل ٹیم کو ہدایت دی کہ مقدمہ کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔ ضرورت پڑنے پر سینئر کونسل کی خدمات حاصل کی جائیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے مدینہ بلڈنگ اور نبی خانہ مولوی اکبر کے کرایہ داروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے بقایہ جات فوری ادا کردیں۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے مقرر کردہ اضافی کرایہ کی عدم ادائیگی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے ذریعہ فلاحی کام انجام دیئے جاسکتے ہیں۔