گوہاٹی جانے والی ٹرین سے طاقتور بم دستیاب

ڈی جی پیز کانفرنس کے موقع پر دھماکہ کیا جاسکتا تھا :این آئی اے
رنگیا ( آسام ) 24 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گوہاٹی جانے والی ایک ٹرین سے ایک طاقتور بم کو ضبط کرلیا گیا ۔ یہ دعوی کیا جا رہا ہے کہ یہ بم جاریہ ہفتے کے اواخر میں گوہاٹی میں ہونے والی ریاستوں کے ڈائرکٹرس جنرل پولیس کی کانفرنس کے موقع پر دھماکہ کیا جانے والا تھا ۔ اس کانفرنس سے وزیر اعظم نریندر مودی بھی خطاب کرنے والے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ رنگیا سب ڈویژن کے کامروپ ضلع میں علی پور دوار ۔ کامکھیا انٹرسٹی ایکسپریس میں ڈیوٹی پر موجود سکیوریٹی عملہ کو ایک پلاسٹ بیگ دستیاب ہوا جو ایک توال سے ڈھکا ہوا تھا جس میں کچھ وائر بھی تھے ۔ اس عملہ نے فوری کینڈوکونا اسٹیشن ماسٹر کو اس کی اطلاع دی اور ٹرین کو وہاں روک کر بم دستیاب کرلیا گیا ۔ ایک بیان میں قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) نے کہا کہ انٹلی جنس اطلاعات جو این آئی کو ملی تھیں اور ان ہی اطلاعات کی بنیاد پر آسام پولیس کو چوکس کردیا گیا تھا جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی ۔ این آئی اے کا ادعا تھا کہ اسے اطلاع ملی تھی کہ دھماکو مادے آسام میں استعمال کرنے کیلئے منتقل کئے جا رہے ہیں۔ این آئی اے نے ایک بیان میں کہا کہ معلوم ہوا ہے کہ یہ دھماکے آسام میں اس وقت استعمال کئے جانے تھے جب وہاں ایک اعلی سطح کی کانفرنس منعقد ہونے والی تھی ۔ گوہاٹی میں 29 – 30 نومبر کو ریاستوں کے ڈائرکٹرس جنرل پولیس اور آئی جی پیز کی کانفرنس منعقد ہونے والی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی ‘ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اس اجلاس سے خطاب کرنے والے ہیں۔