گوگل کمپنی ڈیٹا تحفظ کیلئے اقدامات کرے : یورپی عدالت

لکسمبرگ ، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اعلیٰ ترین یورپی عدالت نے کہا ہے کہ لوگوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ گوگل اور دیگر انٹرنیٹ سرچ انجنوں کو اپنی ذاتی معلومات ضائع کرنے کی درخواست کر سکیں۔ ادھر گوگل کے ترجمان نے منگل کو یورپی یونین کی عدالت کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کو اس فیصلے کے اثرات کا جائزہ لینے میں وقت درکار ہو گا۔ گو کہ اس فیصلے کا اثر ’یاہو‘ اور ’ بِنگ‘ جیسے سرچ انجنس پر بھی پڑے گا، تاہم ڈی ڈبلیو کے سائنس اور ٹکنالوجی کے شعبے کے مدیر ذوالفقار ربانی کے مطابق گوگل کمپنی اس فیصلے سے سب سے زیادہ متاثر ہو گی۔

پاکستان میں امریکی ڈرون حملہ
11عسکریت پسند ہلاک
پشاور ، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 11 عسکریت پسند مبینہ طورپر ہلاک ہوگئے اور 14دیگر زخمی ہوئے جب آج ایک امریکی ڈرون حملے میں پاکستان ۔ افغانستان سرحد کے پاس واقع عسکری کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا جو پانچ ماہ کے وقفہ کے بعد اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے ۔ ڈان نیوز نے رپورٹ دی کہ بنا پائلٹ والے طیارے نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شورش زدہ قبائیلی ضلع خیبر میں اُن کی بعض گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا۔ امریکی ڈرون طیاروں نے عسکری کمپاؤنڈ پر تین میزائیل داغے ۔ میڈیا کو اس علاقہ تک رسائی حاصل نہیں اور ہلاکتوں کی تعداد کی آزادانہ طورپر تصدیق نہیں کی جاسکی ۔ گزشتہ ڈرون حملہ ڈسمبر 2013 ء کے آخری ہفتہ میں پیش آیا تھا جس میں 3 مشتبہ شورش پسند ہلاک ہوئے تھے ۔ امریکی میڈیا کی اطلاعات میں کہا گیا کہ ڈرون حملوں کو عارضی طورپر روکا گیا تھا تاکہ پاکستانی حکومت کو طالبان سے مذاکرات کا موقع ملے ۔