گوڈسے کو ہیرو بنانے کیخلاف این سی پی کا خاموش احتجاج

ممبئی۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی ، مہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر کل ایک خاموش احتجاجی جلوس نکالے گی جو بابائے قوم کے نظریات و افکار پر حملے کی مخالفت میں ہوگا۔ پارٹی کے ترجمان نواب ملک نے کہا کہ ’’گاندھیائی افکار کو قتل‘‘ کرنے کی سازش ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کے مندر قائم کرنے اور ان میں اس کی مورتیاں نصب کرنے کے مطالبے گاندھیائی افکار کے قتل کے مماثل ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی پی اس کے خلاف احتجاج کرے گی۔ سنیل تتکارے نے کہا کہ وہ احتجاجی جلوس کی قیادت کریں گے، جبکہ اجیت پوار پونے میں ایسے جلوس کی قیادت کریں گے۔ احتجاج کا ریاست گیر احتجاج اہتمام کیا جارہا ہے۔3 فروری کو پارٹی ریاست کے راشننگ کے دفتر کے روبرو احتجاج کرے گی، اور خط غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے والے ایک کروڑ 77 لاکھ افراد کے قانون غذائی طمانیت کے دائرہ کار سے اخراج کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔