گوڈسے حب الوطن تو کیا گاندھی قوم دشمن تھے ؟ عمر

سرینگر 16 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداللہ نے آج بھوپال حلقہ کی لوک سبھا بی جے پی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی جانب سے گاندھی جی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو حب الوطن قرار دینے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک ٹوئیٹ میں عمر عبداللہ نے سوال کیا کہ اگر بابائے قوم گاندھی جی کا قاتل حب الوطن تھا تو کیا گاندھی جی قوم مخالف تھے ؟ ۔ پرگیہ سنگھ ٹھاکر بی جے پی کے ٹکٹ پر لوک سبھا حلقہ بھوپال سے مقابلہ کر رہی ہیں ۔ وہ مالیگاوں بم دھماکہ مقدمہ کی ملزم ہیں اور فی الحال ضمانت پر رہا ہوئی ہیں ۔ انہوں نے آج ایک ٹی وی انٹرویوے کے دوران کہا کہ ناتھو رام گوڈسے ایک حب الوطن تھا اور اسے ہمیشہ حب الوطن کے طور پر یاد رکھا جائیگا ۔ پرگیہ ٹھاکر مسلسل متنازعہ بیانات دیتی جا رہی ہیں ۔ ان کے گوڈسے سے متعلق بیان پر بی جے پی نے خود کا دامن بچانے کی کوشش کی ہے اور پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ پرگیہ ٹھاکر کے خیال اور بیان سے اتفاق نہیں کرتی ۔