پونے ۔ 3 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )پونے کے بی جے پی کے عہدیداروں نے مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کو جنھوں نے کئی سال کالج کے طالب علم کی حیثیت سے پونے میں گذارے تھے جذباتی خراج عقیدت پیش کیا ۔ پورے پونے میں ان کی اچانک موت پر سوگ کی فضا طاری ہوگئی تھی ۔ منڈے کے آبائی قصبہ پرلی ویجناتھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب منڈے کی موت کی خبر پھیلتے ہی لوگ چھوٹے چھوٹے گروپس میں سڑکوں پر نکل آئے اور سڑکوں پر ہی کئی افراد نے اُن کیلئے دعائیں کیں۔ پورے قصبہ پر رنج و غم کی فضاء چھا گئی تھی ۔ ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب مہاراشٹرا اسمبلی کا اجلاس آج مرکزی وزیر دیہی ترقیات گوپی ناتھ منڈے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد دن بھر کیلئے ملتوی کردیا گیا ۔
نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ انھیں منڈے کی اچانک موت پر گہرا صدمہ پہونچا ہے ۔ انھوں نے فون پر منڈے کی بیوی سے اظہارتعزیت کیا ۔ مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے کہا کہ منڈے کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب گورنر مہارشٹرا کے شنکر نارائن نے گوپی ناتھ منڈے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انھیں ’لوک نائیک ‘ اور عوام سے ہمیشہ ربط برقرار رکھنے والا رکن پارلیمنٹ قرار دیا ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوان نے منڈے کی اچانک موت پر گہرے صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوپی ناتھ منڈے بنیادی سطح کے قائد تھے ۔ مہاراشٹرا نو نرمان سینا کے بانی و صدر راج ٹھاکرے نے گوپی ناتھ منڈے کی موت پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آنجہانی سے دیرینہ دوستانہ تعلقات تھے ۔
انھیں بہت برا محسوس ہورہا ہے کہ اُن جیسا نمایاں مقام رکھنے والا سیاستداں ہلاک ہوگیا۔ رانچی کی اطلاع کے بموجب گورنر جھارکھنڈ سید احمد نے گوپی ناتھ منڈے کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ گوپی ناتھ منڈے کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں جھارکھنڈ کے کئی بی جے پی قائدین ، سابق چیف منسٹر ارجن منڈا ، سابق اسپیکر سی پی سنگھ اور ریاستی صدر بی جے پی کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ رویندر رائے اور رمیش پشکر شامل تھے ۔ بالی ووڈ کی اہم شخصیتوںنے مرکزی وزیر دیہی ترقیات گوپی ناتھ منڈے کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جو ایک سڑک حادثہ میں انتقال کرگئے ۔ بالی ووڈ نے انھیں ایک عظیم وزیر اور بہترین انسان قرار دیا۔ ملکۂ نغمات لتا منگیشکر ، اداکار رتیش دیشمکھ ، ویویک اوبرائے ، انوپم کھیر اور دیگر نے اپنے ٹوئٹرس پر 64 سالہ سیاستداں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ گیت کار اور نغمہ نگار جاوید اختر نے کہا کہ اُن کی اچانک موت ہر ایک کیلئے صدمہ انگیز ہے ۔ گلوکار آشا بھونسلے نے کہا کہ منڈے اُن کے دوست تھے ۔