گولان پر اسرائیلی قبضہ تسلیم کرنے سے فرانس کا انکار

پیرس۔ 30 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے صدر عمانویل ماکروں نے ایک بار پھر اس بات کو دہرایا ہے کہ ان کا ملک مقبوضہ گولان کی چوٹیوں پر اسرائیلی خود مختاری تسلیم کرنے سے متعلق واشنگٹن کے فیصلے کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ ماکروں کا یہ موقف جمعے کے روز اردن کے فرماںروا شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کے دوران سامنے آیا ہے۔پیرس میں قصرِ الیزے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر جمہوریہ نے باور کرایا ہے کہ مقبوضہ گولان پر اسرائیلی خود مختاری تسلیم کرنا بین الاقوامی قانون سے متصادم ہے اور اس کا نتیجہ علاقائی کشیدگی بھڑکنے کے سوا کچھ نہیں ہو گا۔