تھانے ( مہاراشٹرا ) ۔ 28 ۔ جولائی : (سیاست ڈاٹ کام ) : ضلع میں ایک گوشت کے تاجر سے تاوان کا مطالبہ کرنے پر 2 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ شکایت کنندہ محمد شریف قریشی جو کہ ممبئی اور تھانے کے قریب میرا روڈ پر گاہکوں کو بھینس کا گوشت سربراہ کرتے ہیں ۔ تھانے سے کلیان اور بھیونڈی گوشت منتقل کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتے ہیں ۔ گذشتہ ہفتہ ملاڈ کے سلیم عزیز قریشی اور پالگڑھ کے پرساد ونڈیکر نے ٹیلی فون پر پر یہ دھمکی دی کہ غیر قانونی طریقہ سے وہ گوشت منتقل کررہے ہیں اور ہر ماہ 25 ہزار روپئے ادا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر پولیس میں شکایت درج کروائی جائے گی ۔ تاجر کی شکایت پر پولیس نے جال بچھا کر ملزمین کو تاوان کی رقم وصول کرتے ہوئے پھانس لیا ۔ تاہم ایک اور ملزم سنیل بھیلارے فرار ہوگیا ہے جسے پکڑنے کی کوشش جاری ہے ۔