گوشت مارکٹ کو بڑے پیمانے پر ترقی دینے کے اقدامات

مٹن صارفین کے گھروں تک سہولیات فراہم کرنے محکمہ حیوانات کا سنجیدگی سے غور
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں محکمہ انیمل ہسبنڈری ( حیوانات ) کی جانب سے ریاستی سطح پر گوشت کی مارکٹوں کو بڑے پیمانے پر ترقی دینے پر اولین ترجیح دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ان ہی اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر ’ مٹن آن وہیلس ‘ کے نام پر مٹن کے صارفین (استفادہ کنندوں ) کو گھروں پر پہونچکر بکرے کا گوشت فراہم کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ریاست میں مویشی پالن طبقہ ( یادو طبقہ کو ) مفت بکروں کی تقسیم عمل میں آنے کی وجہ سے ریاست تلنگانہ میں بکرے کے گوشت (مٹن ) کی پیداواری مقدار میں 15 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اس طرح بکرے کے گوشت کا استعمال کرنے میں ملک کی دیگر تمام ریاستوں میں ریاست تلنگانہ ہی سرفہرست ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں 95 فیصد گوشت کھانے والے ( نان ویجیٹرین ) افراد پائے جانے کی وجہ سے ان کی روزمرہ غذائی عادتوں کے پیش نظر گوشت مارکٹ کو فروغ دینے ( وسعت دینے ) کے پائے جانے والے مواقعوں سے بھر پور استفادہ کرلینے کے مقصد سے ریاستی محکمہ انیمل ہسبنڈری کی جانب سے منصوبہ جات مرتب کئے جارہے ہیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ گوشت کی فروخت قوانین ( قواعد و ضوابط ) کے مطابق صاف ستھرے مقامات پر نہ کئے جانے کی عہدیداران محکمہ انیمل ہسبنڈری نے شناخت کی ہے لہذا صاف ستھرے مقامات پر گوشت کی فروخت کو یقینی بنانے اور ’ مٹن آن وہیلس ‘ کے پروگرام پر عمل آوری کے منصوبہ جات مرتب کیے جارہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ خواہش مند افراد کو یونٹس فراہم کرنے کا میٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن منیجنگ ڈائرکٹر مسٹر وی لکشما ریڈی نے اظہار کیا ہے ۔ اور بتایا کہ ’ مٹن آن وہیلس ‘ اسکیم کو سب سے پہلے تجرباتی اساس پر شہر حیدرآباد میں علاقہ جات چارمینار ، سکندرآباد ، مہدی پٹنم ، ایل بی نگر ، میں روبہ عمل لانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور بعد ازاں اس تجرباتی اسکیم کی عمل آوری سے حاصل ہونے والے ردعمل ( نتیجہ ) کو دیکھتے ہوئے دیگر علاقوں تک اس ’ مٹن آن وہیلس ‘ اسکیم کو وسعت دی جائے گی ۔۔