گوری کے قاتلوں کی شناخت ہوگئی : حکومت کرناٹک

بنگالورو۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) صحافی و جہد کار گوری لنکیش کو یہاں ایک دلیرانہ حملے میں گولی مار کر ہلاک کردیئے جانے کے لگ بھگ ایک ماہ بعد کرناٹک کے وزیر رام لنگا ریڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات کرنے والی ایس آئی ٹی نے قاتلوں کی شناخت کرلی ہے۔ تاہم وزیر داخلہ نے مزید تفصیلات کا افشاء کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم ثبوت اکٹھا کررہی ہے۔ ’’ہمارے پاس سراغ دستیاب ہیں، لیکن ہم سردست میڈیا کیلئے سب باتیں نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ ہمارے پاس ان سراغوں کے بارے میں ٹھوس ثبوت بھی ہونا چاہئے۔ اگر معتبر ثبوت نہ ہو اور ہم عدالت میں چارج شیٹ داخل کردیں تو مسترد کردی جائے گی، لہذا ہم مناسب و معتبر ثبوت جمع کرنے میں سرگرم ہیں۔ہم جانتے ہیں کہ یہ کام (قتل) کس نے کیا ہے ‘‘۔وزیر موصوف اتوار کو یہاں سے 35 کیلومیٹر دور چکبالاپور میں میڈیا سے مخاطب تھے۔ گوری لنکیش جنہیں سسٹم کے خلاف آواز سمجھا جاتا تھا اور جو دایاں بازو کے افکار کی سخت مخالفت کیا کرتی تھیں ، انہیں 5 ستمبر کی رات یہاں واقع ان کی قیام گاہ کے باہر نامعلوم حملہ آوروں نے قریبی فاصلے سے گولی چلاکر ہلاک کردیا گیا تھا۔ رام لنگا ریڈی نے 9 ستمبر کو بھی اسی طرح کے دعوے کئے تھے کہ ایس آئی ٹی اس کیس کے سلسلے ’’بعض سراغ‘‘ اکٹھا کررہی ہے۔

ایچ آر ڈی کورس سے
15 لاکھ غیرتربیت یافتہ ٹیچرس کی دلچسپی
نئی دہلی۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) لگ بھگ 15 لاکھ ’’غیرتربیت یافتہ‘‘ ٹیچرس نے وزارت فروغ انسانی وسائل (ایچ آر ڈی) کے ٹریننگ کورس میں داخلہ لیا ہے جو ان کے جابس کی برقراری کے لئے درکار اہلیت حاصل کرنے کا آخری موقع ہے۔ ان ٹیچروں میں 10 لاکھ سے زیادہ کا تعلق پرائیویٹ اسکولس سے ہے۔ سب سے زیادہ درخواستیں بہار (2.8 لاکھ) سے وصول ہوئی ہیں ، اس کے بعد اترپردیش (1.95 لاکھ) ، مدھیہ پردیش (1.91 لاکھ ) ، مغربی بنگال (1.69 لاکھ) اور آسام (1.51 لاکھ ) ہیں۔ دہلی کے ٹیچروں کی تعداد 1018 ہے۔