ایم بی بی ایس سال دوم میں داخلوں کی تجدید یقینی بنانے گورنر کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : گورنر آندھرا پردیش و چانسلر ڈاکٹر این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس نے گورنمنٹ میڈیکل کالج نظام آباد میں ایم بی بی ایس سال دوم کے دوسرے بیاچ ( 100 نشستوں ) کے لیے تعلیم جاری رکھنے کی اجازت کی تجدید پر زور دیا ہے ۔ اسپیشل چیف سکریٹری برائے گورنر نے پرنسپال سکریٹری محکمہ صحت ، طبابت و خاندان بہبود کے نام اپنے مکتوب میں کہا کہ میڈیکل کونسل آف انڈیا نے بعض خامیوں کے پیش نظر گورنمنٹ میڈیکل کالج نظام آباد میں تعلیمی سال 2014-15 کے لیے ایم بی بی ایس سال دوم میں داخلوں کی اجازت کی تجدید نہ کرنے کی سفارش کی تھی ۔ گونر کے اسپیشل پرنسپال سکریٹری نے کہا کہ ’مجھے ہدایت کی گئی ہے کہ اس مسئلہ کا جائزہ لینے کے لیے آپ سے درخواست کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان خامیوں کو فی الفور دور کیا جائے جن کے باعث میڈیکل کونسل آف انڈیا نے داخلوں کی اجازت کی تجدید نہ کرنے کی سفارش کی ہے تاکہ اس کالج تعلیمی سال 2014-15 کے لیے سال دوم میں داخلوں کا اہل و مستحق بنایا جائے کیوں کہ نیا تعلیمی سال تیزی سے قریب پہونچ رہا ہے اور اس میں ناکامی کی صورت میں ایم بی بی ایس کورسیس میں داخلہ کے خواہاں طلبہ کو ناقابل تلافی نقصان پہونچے گا ۔ گورنر کے اسپیشل چیف سکریٹری نے پرنسپال سکریٹری محکمہ صحت و طبابت سے یہ خواہش بھی کی ہے کہ گورنر اور چانسلر یونیورسٹی کو فی الفور کارروائی رپورٹ بھی پیش کی جائے ۔