حیدرآباد ۔ 22؍ جون ( سیاست نیوز) گورنمنٹ چیف وہپ حکومت آندھراپردیش مسٹر کے سرینواس نے کہا کہ اسپیکر ریاستی قانون ساز اسمبلی آندھراپردیش ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ کی صدارت میں ایوان کی کارروائی کمیٹی (بزنس اڈوائزری کمیٹی) کے منعقدہ اجلاس میں 23 ؍ اور 24 جون کو ایوان کی کارروائی کے ایجنڈہ کو قطعیت دی گئی اور بتایا کہ 23 اور 24 ؍ جون بروز پیر اور منگل کے دن اسمبلی اجلاس کی کارروائی 9 بجے صبح شروع ہوگی اور 2 بجے دن تک جاری رہے گی ۔ اور ان دنوں کے دوران ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کے مشترکہ اجلاس میں دیائے گئے خطبہ پر پیش کی جانے والی تحریک تشکر پر مباحث کا آغاز ہوگا ۔ ان مباحث کے خوشگوار انداز میں ختم ہونے کے بعد ہماچل پردیش سانحہ کے مہلوکین سے متعلق تعزیتی قرارداد پیش کی جائیگی ۔ اس کے علاوہ ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے والے دو طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایوان میں قرارداد پیش کی جائیگی۔ علاوہ ازیں پولاورم پراجکٹ پر بھی ایوان میں قرارداد پیش کی جائیگی ۔ مسٹر کے سرینواس گورنمنٹ چیف وہپ نے بتایا کہ آندھراپردیش ریاست کے سرکاری ملازمین کیلئے وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کے لئے مقررہ موجودہ عمر (58) سے سال سے بڑھا کر (60) سال کرنے سے متعلق ایوان میں بل پیش کیا جائیگا ۔ انہوں نے مذکورہ تمام پیش کی جانے والی قراردادوں کو منظور کرنے کے لئے اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے تعاون کرنے کی پرزور خواہش کی ۔