گورنر کا عہدہ حاصل نہ ہونے پر اظہار دکھ : ایم نرسمہلو

حیدرآباد،4اکتوبر(یواین آئی)تلنگانہ تلگودیشم کے سینئر لیڈر ایم نرسمہلو نے کہا ہے کہ گورنر کا عہدہ حاصل نہ کرپانے پر ان کو گہرا دکھ پہنچا ہے ۔گزشتہ کچھ عرصہ سے اس بات کی قیاس آرائیاں چل رہی تھیں کہ نرسمہلو کو گورنر بنایا جائے گا ۔ اس خصوص میں بی جے پی کی حلیف جماعت تلگودیشم کے سربراہ و آندھرا پردیش کے وزیراعلی و تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو نے کوششیں کی تھیں اور انہوں نے اس تعلق سے نہ صرف وزیراعظم نریندر مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ بلکہ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو سے بھی نمائندگی کی تھی۔ اپنے دورہ دہلی کے موقع پر چندرا بابو نائیڈ و نے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران نرسمہلو کا تعارف کرواتے ہوئے انہیں گورنر مقرر کرنے کے لئے نمائندگی کی تھی۔