شریک حیات کے ساتھ بیگم پیٹ تا امیرپیٹ عام آدمی کی طرح سفر‘ اسٹاف چوکس‘ایم ڈی کی آمد
حیدرآباد ۔ 15 جولائی ( پی ٹی آئی ) آندھراپردیش اور تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے آج اچانک حیدرآباد میٹرو ٹرین میں سفر کرتے ہوئے سب کو حیرت میں ڈال دیا اور متعلقہ حکام کو مشورہ دیا کہ اس پراجکٹ کے بعض اسٹیشنوں کو ماسکو میٹرو کے خطوط پر ’’ آرٹ میوزیم ‘‘جیسا بنایا جائے ۔ نرسمہن آج کسی قبل از وقت اطلاع کے بغیر اپنی شرحیک حیات ( ویملا نرسمہن) کے ساتھ اچانک بیگم پیٹ میٹرو اسٹیشن پہنچے اور ایک عام آدمی کی طرح اس ٹرین میں سوار ہوکر امیرپیٹ روانہ ہوگئے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل لمٹیڈ ( ایچ ایم آرایل ) کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایسریڈی ‘ ان کی ٹیموں کے علاوہ ( پراجکٹ تعمیرکرنے والے ادارہ ) ایل اینڈ ٹی میٹر وریل ( حیدرآباد ) لمٹیڈ کو مبارکباد دی ۔ گورنر نے انہیں مشورہ دیا کہ اس کے بعض اسٹیشنوں کو ماسکو میٹرو کے خطوط پر ’’ آرٹ میوزیمس ‘‘کے طور پر فروغ دیا جائے ۔گورنر نرسمہن نے منیجنگ ڈائرکٹر ریڈی کو یہ مشورہ بھی دیا کہ عوام کی روزمرہ کی ضروریات کی جلد اور بہ آسانی تکمیل کے لئے میٹرو اسٹیشنوں پر مزید دوکانات کھولی جائیں ۔ قبل ازیں گورنر اور ان کی شریک حیات امیر پیٹ اسٹیشن پر اس ٹرین سے اترنے کے بعد میاں پور روانہ ہونے والی ٹرین میں سوار ہوئے ۔ اس وقت تک ایل اینڈ ٹی اسٹاف نے منیجنگ ڈائرکٹر کو گورنر کے سفرکے بارے میں چوکس کردیا جو اس وقت کوکٹ پلی میں جاری کاموں کی نگرانی میں مصروف تھے اور اطلاع کے ساتھ ہی میاں پور اسٹیشن پہنچ کر ان کا استقبال کیا ۔گورنر نے ابتداء میں اپنے استقبال کی اجازت دینے سے انکار کردیا ۔ بعد ازاں ان کے استقبال کیلئے منیجنگ ڈائرکٹر کی درخواست سے اس شرط پر استقبال کیا کہ اس سے مسافرین کی نقل و حرکت متاثر نہیں ہوئیں ۔ منیجنگ ڈائرکٹر ریڈی نے گورنر اور ان کی شریک حیات کو میاں پور آرٹ سنٹر پر تعمیر شدہ مختلف تنصیبات کی سیر کرائی جس سے گورنر نرسمہن اور محترمہ ویملا نرسمہن کافی متاثر ہوئی ۔ گورنر کے اس اچانک سفر پر وہاں موجود مسافرین نے بھی خوشی کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے گذشتہ سال نومبرمیں72 کیلو میٹر طویل پراجیکٹ کے منجملہ میاں پور اور ناگول کے درمیان 30کلومیٹر پٹی کا افتتاح کیا تھا جہاں 24میٹرو ریل اسٹیشن ہیں ۔