لکھنو ۔ 26 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : گورنر مدھیہ پردیش نریش یادو کے فرزند سلیش یادو جو کہ اپنے والد کی سرکاری قیام گاہ پر مشتبہ حالت میں مردہ پائے گئے تھے ان کے افراد خاندان نے بتایا کہ ان کی موت کے پس پردہ کوئی سازش نہیں ہے ۔ سلیش کے بڑے بھائی کملیش یادو نے بتایا کہ سلیش کی طبعی موت تھی اور میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد معاملہ واضح ہوجائے گا ۔ ان کی موت کیلئے کوئی سازشی پہلو نظر نہیں آتا ۔ ارکان خاندان نے کہا کہ ہم نے موت کی تحقیقات کیلئے اصرار نہیں کیا ہے ۔ سلیش کے والد اور گورنر مدھیہ پردیش رام نریش یادو آخری رسومات میں شرکت کیلئے بھوپال سے لکھنو پہنچ گئے ہیں ۔ سلیش کے دوست اور مقامی کانگریس لیڈر ستیندر ترپاٹھی نے بتایا کہ مدھیہ پردیش پروفیشنل اکزامنیشن بورڈ یا ویاپم اسکام میں اپنا نام منظر عام پر آنے کے بعد وہ ( سلیش ) ذہنی دباؤ کا شکار تھے ۔