حیدرآباد ۔ 29 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے راج بھون پہونچکر گورنر نرسمہن سے ملاقات کی ریاست میں تشکیل دئیے گئے 7 زونس اور 2 ملٹی زونس کو کابینہ میں دی گئی منظوری اور اپنے دورے دہلی کی تمام تفصیلات سے گورنر کو واقف کرایا ۔ 2 جون تلنگانہ کی یوم تاسیس کی تقاریب پر بھی روشنی ڈالی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر نے گورنر کو بتایا کہ سرکاری ایمپلائز کے مفادات کا تحفظ کرنے اور ماضی میں جو غلطیاں ہوئی ہیں اس کو درست کرنے کے لیے ریاست کو 7 زونس اور 2 ملٹی زونس میں تقسیم کیا گیا ہے وہ دو دن قبل دہلی پہونچکر وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے کابینہ کے فیصلے سے انہیں واقف کراتے ہوئے زونس و ملٹی زونس کی منظوری کے لیے فائیل کو صدر جمہوریہ سے رجوع کرنے کی اپیل کرچکے ہیں ۔ جس پر مرکزی وزیر داخلہ نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے گورنر کو بتایا کہ ریاست میں پٹہ جات اور سرمایہ کاری کی تقسیم بھی کامیابی سے عمل میں آئی ہے۔