گورنر سے چندرا بابو کی ملاقات

حیدرآباد /6 جون ( این ایس ایس ) صدر تلگودیشم پارٹی و نامزد چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج شام یہاں راج بھون میں ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی ۔ تلگودیشم پارٹی کے ذرائع کے مطابق مسٹر نائیڈو نے گونرر کو اس بات سے واقف کروایا کہ وہ 8 جون کو آندھراپردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے ۔ گونر پہلے ہی مسٹر نائیڈو کو تشکیل حکومت کی دعوت دے چکے تھے جب تلگودیشم لیجسلچر پارٹی کے ایک وفد نے گذشتہ روز ان سے ملاقات کی اور مطلع کیا تھا کہ مسٹر نائیڈو کو لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے مطابق تلگودیشم پارٹی ذرائع نے کہا ہے کہ نائیڈو کی یہ خیرسگالی ملاقات تھی جو گورنر سے اظہار تشکر کیلئے کی گئی تھی ۔ ملاقات کے دوران نائیڈو نے حلف برداری تقریب اور اس میں متوقع شرکت کنندگان اہم شخصیات کی فہرست کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو وجئے واڑہ اور گنٹور کے درمیان واقع ناگرجنا نگر میں منعقد شدنی میں حلف لیں گے تاہم تلگودیشم ذرائع نے اس بات پر خاموش بہ لب ہیں کہ آیا 8 جون کو مسٹر نائیڈو تنہا حلف لیں گے یا ان کے ساتھ چند وزراء کو بھی حلف دلایا جائے گا۔